اپنی چھت اپنا گھر پروگرام: ایک لاکھ 80 ہزار297 خاندانوں کو قرضے فراہم

08-12-2026

(لاہور نیوز) پنجاب حکومت کے ’’اپنی چھت اپنا گھر‘‘ پروگرام کے تحت پورٹل پر اب تک 14 لاکھ 56 ہزار 664 درخواستیں موصول ہوچکی ہیں، جبکہ 10 لاکھ 79 ہزار 224 درخواستوں کی سکروٹنی کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے۔

صوبائی وزیر ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ بلال یاسین سے ڈی جی پھاٹا سکندر ذیشان نے ملاقات کی، جس میں ’’اپنی چھت اپنا گھر‘‘ پروگرام کی پیش رفت سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین کے مطابق پروگرام کے تحت اب تک ایک لاکھ 80 ہزار 297 خاندانوں کو گھروں کی تعمیر کے لیے قرضے جاری کیے جا چکے ہیں، جبکہ ایک لاکھ 9 ہزار 946 خاندانوں کے گھر مکمل ہو چکے ہیں اور 39 ہزار 943 گھروں کی تعمیر جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک پروگرام کے تحت مجموعی طور پر 232 ارب 9 کروڑ روپے کے قرضے تقسیم کیے جا چکے ہیں۔ مزید 13 ہزار 314 خاندانوں میں قرضوں کی تقسیم کے لیے 19 ارب 56 کروڑ 10 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ بلال یاسین نے کہا کہ مستحق خاندانوں کو بلا سود قرضوں کی فراہمی کا منصوبہ عوام کو اپنی چھت فراہم کرنے کے حوالے سے ایک انقلابی اقدام ثابت ہوگا۔ صوبائی وزیر ہاؤسنگ کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب جلد ہی ابتدائی درخواست گزاروں کو بھی قرضے جاری کریں گی۔ انہوں نے تمام اضلاع کے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ مستحق خاندانوں میں قرضوں کی بروقت تقسیم ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے پروگرام پر عملدرآمد کی رفتار مزید تیز کرنے اور درخواستوں کی سکروٹنی سمیت قرضوں کی تقسیم کے عمل میں شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔