جشن آزادی: ٹریفک پولیس کا ون ویلنگ، ہلڑ بازی کیخلاف سخت کارروائی کا فیصلہ
08-12-2026
(لاہور نیوز) جشن آزادی کی تیاریوں کے سلسلے میں لاہور ٹریفک پولیس نے خصوصی انتظامات شروع کر دیئے ہیں۔
چیف ٹریفک آفیسر لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے تمام سرکاری گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں پر قومی پرچم آویزاں کرنے کا حکم دے دیا، جبکہ سرکاری عمارتوں پر بھی قومی اور محکمانہ پرچم لگانے کی ہدایت کی ہے۔ سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کا کہنا ہے کہ جشن آزادی کی خوشیوں کو دوبالا کرنے کیلئے ٹریفک پولیس بہترین انتظامات کر رہی ہے، آزادی تقریبات کے دوران گریٹر اقبال پارک، واہگہ اور دیگر تاریخی و تفریحی مقامات پر اضافی ٹریفک پولیس نفری تعینات کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ون ویلنگ، ہلڑ بازی، زگ زیگ ڈرائیونگ اور ریسنگ کرنے والوں کے خلاف خصوصی اقدامات کئے جا رہے ہیں، ہلڑ بازی، روڈ بلاکنگ، روڈ ریج، موٹرسائیکلوں سے بفل نکالنے اور سائلنسر اتروانے والوں کے خلاف مقدمات درج کئے جائیں گے۔ سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق ون ویلنگ کرتے ہوئے پکڑے جانے والے افراد کے ساتھ ساتھ ون ویلنگ میں استعمال ہونے والی موٹرسائیکلوں کی تیاری یا ترمیم میں ملوث موٹر مکینکس کے خلاف بھی مقدمات درج ہوں گے۔ سی ٹی او لاہور نے بتایا کہ جشن آزادی کے موقع پر مختلف مقامات پر عارضی ناکے بھی قائم کئے جائیں گے تاکہ ہلڑ بازی اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو کنٹرول کیا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 18 سال سے کم عمر افراد کے ڈرائیونگ کرتے ہوئے پکڑے جانے پر ان کی موٹرسائیکل، گاڑی یا رکشہ تین دن کیلئے بند رکھا جائے گا۔ لاہور ٹریفک پولیس کے مطابق جشن آزادی کے دوران شہریوں کی جان و مال کے تحفظ، ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور ٹریفک قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے خصوصی ٹیمیں متحرک رہیں گی۔