لاہور میں پاکستان کی پہلی اور سب سے بڑی تھری ڈی اینامورفک سکرین نصب
08-12-2026
(لاہور نیوز) سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ پنجاب (سی بی ڈی پنجاب) نے پاکستان کی پہلی اور سب سے بڑی تھری ڈی اینامورفک سکرین’دی بگ ون‘نصب کرکے ملک کے ڈیجیٹل ایڈورٹائزنگ منظرنامے میں ایک اور اہم سنگ میل عبور کر لیا۔
سی بی ڈی ورٹیکس پر نصب کی جانے والی جدید سکرین کا سائز 122 بائی 70 فٹ ہے، جو لاہور کی سکائی لائن پر پاکستان کے سب سے بڑے ڈیجیٹل کینوس کے طور پر متعارف کرائی گئی ہے، اس سکرین پر تصاویر، ویڈیوز اور تھری ڈی اینیمیشنز پیش کی جا سکیں گی۔ سی بی ڈی پنجاب کے مطابق’دی بگ ون‘کو نیویارک کے مشہور ٹائمز سکوائر کی طرز پر تیار کیا گیا ہے، جو ملکی و بین الاقوامی برانڈز کیلئے بڑے پیمانے پر تشہیر کا جدید پلیٹ فارم فراہم کرے گی، سی بی ڈی ورٹیکس پر نصب یہ ڈیجیٹل کینوس برانڈز کو اپنی مصنوعات، شناخت اور کہانی کو منفرد اور بڑے انداز میں پیش کرنے کا موقع دے گا۔ سی ای او سی بی ڈی پنجاب عمران امین نے ’دی بگ ون‘ کو جدت اور ٹیکنالوجی کی سوچ کا تسلسل قرار دیتے ہوئے کہا کہ سی بی ڈی پنجاب پاکستان کے پہلے سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ اور پہلے آئی ٹی سٹی کے بعد ایک اور منفرد منصوبہ لے کر آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ’دی بگ ون‘ سی بی ڈی پنجاب کا ایک اور بڑا تکنیکی سنگ میل ہے اور یہ بڑے برانڈز کیلئے اپنی مصنوعات اور شناخت نمایاں کرنے کا نیا اور جدید پلیٹ فارم ثابت ہو گا۔ عمران امین کے مطابق ’دی بگ ون‘ کو کمرشل ایڈورٹائزنگ کیلئے استعمال کیا جائے گا اور یہ لاہور کے ڈیجیٹل لینڈ سکیپ کو ایک نئی شناخت دے گی، بڑے برانڈز بڑے پلیٹ فارم پر اپنی شناخت منواتے ہیں، جبکہ ’دی بگ ون‘ برانڈز کو اپنی مصنوعات اور کہانی بڑے اور مؤثر انداز میں عوام کے سامنے پیش کرنے کا موقع فراہم کرے گی۔ سی بی ڈی پنجاب کا کہنا ہے کہ جدید تھری ڈی اینامورفک ٹیکنالوجی سے مزین یہ سکرین لاہور کے شہری منظرنامے میں ڈیجیٹل تشہیر کے نئے رجحانات متعارف کرانے کے ساتھ ساتھ شہر کی جدید اور ٹیکنالوجی پر مبنی شناخت کو بھی اجاگر کرے گی۔