ستھرا پنجاب پروگرام: صفائی فیس وصولی کا ٹاسک محکمہ ایکسائز کو دینے کا فیصلہ
08-11-2026
(لاہور نیوز) پنجاب حکومت نے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت صفائی فیس کی وصولی کا ٹاسک محکمہ ایکسائز کو تفویض کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
ذرائع کے مطابق پنجاب کابینہ نے صفائی فیس، جسے عام طور پر کوڑا ٹیکس بھی کہا جا رہا ہے، کی وصولی کی باقاعدہ منظوری دے دی ہے۔ صفائی فیس کی وصولی کے لیے محکمہ ایکسائز کو ذمہ داری سونپنے کی تجویز سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کی جانب سے پنجاب کابینہ میں پیش کی گئی تھی۔ پنجاب کابینہ نے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کی تجویز کی منظوری دیتے ہوئے صفائی فیس کی وصولی محکمہ ایکسائز کے ذریعے کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ حکومتی اقدام کا مقصد ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت صفائی کے نظام کے لیے فیس کی وصولی کو مؤثر اور منظم بنانا ہے۔ محکمہ ایکسائز کو ذمہ داری تفویض ہونے کے بعد شہریوں سے صفائی فیس کی وصولی کے طریقہ کار سے متعلق مزید تفصیلات سامنے آنے کی توقع ہے۔