اقلیتیں پاکستانی معاشرے کا حسن اور سر کا تاج ہیں، حقوق کے تحفظ پر سمجھوتہ نہیں ہوگا: مریم نواز
08-11-2026
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے وطن عزیز کی ترقی و خوشحالی کے لیے سرگرم تمام اقلیتی برادریوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قائداعظم کا پاکستان سب کا وطن ہے، جہاں ہر شہری اپنے عقیدے کے مطابق محفوظ اور آزاد ہے۔
مریم نواز شریف نے اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ اقلیتیں پاکستانی معاشرے کا حسن اور سر کا تاج ہیں، ان کی عزت، ناموس، تحفظ اور ترقی پر کبھی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ پنجاب حکومت اقلیتی برادری کو تعلیم، ترقی اور فلاح و بہبود کا پورا حق دینے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے ساتھ انہیں ہر میدان میں جائز حصہ دینے کے لیے پرعزم ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار پنجاب میں اقلیتی برادری کے لیے ’’مینارٹی کارڈ‘‘ متعارف کرایا گیا ہے، جس کے ذریعے مستحق اقلیتی خاندانوں کو سہ ماہی ساڑھے 10 ہزار روپے دیے جا رہے ہیں۔ پنجاب کو پہلا سکھ میرج ایکٹ 2024 منظور کرنے کا بھی اعزاز حاصل ہوا، جس کے تحت ’’آنند کارج‘‘ کو قانونی حیثیت دی گئی ہے، جبکہ طویل عرصے سے زیر التوا ہندو میرج ایکٹ 2017 کی بھی منظوری دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں اقلیتی برادری کے لیے تعلیم، صحت اور روزگار تک آسان رسائی یقینی بنائی جا رہی ہے۔ رواں مالی سال اقلیتوں کے لیے ترقیاتی و غیر ترقیاتی بجٹ اور مذہبی تہواروں کے لیے گرانٹ میں خاطر خواہ اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ صوبے کے تاریخی گورودواروں، گرجا گھروں اور مندروں کی تعمیر و بحالی بھی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ مریم نواز شریف کے مطابق اقلیتی طلبہ کے لیے اسکالرشپس اور یوحنا آباد میں لائیو کورسز شروع کیے گئے ہیں، جبکہ پنجاب میں بیساکھی، ہولی، دیوالی، کرسمس اور ایسٹر سمیت اقلیتوں کے مذہبی تہوار سرکاری سطح پر بھرپور انداز میں منائے جا رہے ہیں۔ صوبے میں اقلیتی کوٹہ سسٹم پر بھی من و عن عمل کیا جا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب تیزی سے ایسے معاشرے کی طرف بڑھ رہا ہے جہاں محبت اور رواداری اس کی پہچان بنے گی۔ اقلیتیں پاکستان کے دلکش رنگ ہیں اور ان رنگوں کو کبھی ماند نہیں پڑنے دیا جائے گا۔ انہوں نے اقلیتوں کی آزادی اور حقوق کے لیے قائداعظم کے افکار پر عمل پیرا ہونے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔