سی سی پی او لاہور کا سود خوروں کے خلاف گرینڈ آپریشن کا حکم

08-11-2026

(لاہور نیوز) سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کی زیر صدارت اقبال ٹاؤن اور صدر ڈویژنز کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس ہوا، جس میں شہر میں امن و امان کی صورتحال، سکیورٹی انتظامات اور جرائم کے تدارک کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں ڈی آئی جی انویسٹی گیشن ذیشان رضا، ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران، ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد نوید، ایس ایس پی آپریشنز عبداللہ احمد سمیت اقبال ٹاؤن اور صدر ڈویژنز کے ایس پیز، اے ایس پیز، سرکل افسران، ایس ایچ اوز اور انچارجز انویسٹی گیشن  نے شرکت کی۔ سی سی پی او لاہور  نے چہلم حضرت امام حسینؑ اور عرس حضرت داتا صاحبؒ کے موقع پر بہترین سکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور افسران و اہلکاروں کی کارکردگی کو سراہا۔ بلال صدیق کمیانہ نے 14 اگست، یوم آزادی کے موقع پر شہر بھر میں فول پروف سکیورٹی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کیلئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں۔ انہوں  نے واضح کیا کہ یوم آزادی کے موقع پر ون ویلنگ اور ہوائی فائرنگ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور قانون شکن عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اجلاس میں سی سی پی او لاہور  نے سود خوروں کے خلاف گرینڈ آپریشن کا بھی حکم دیا، انہوں نے کہا کہ سود خوری کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی ہے اور وہ اس مہم کی خود نگرانی کریں گے۔ سی سی پی او لاہور  نے افسران کو ہدایت کی کہ سود خوروں کے خلاف کارروائیوں کو محض مقدمات کے اندراج تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ انہیں نتیجہ خیز بنایا جائے، سود خوری کے متاثرین کو فوری انصاف اور مکمل قانونی تحفظ فراہم کیا جائے گا۔ بلال صدیق کمیانہ نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ سود خوروں کے خلاف بلاخوف و خطر پولیس کو اطلاع دیں تاکہ ایسے عناصر کے خلاف مؤثر قانونی کارروائی کی جا سکے۔