اقلیتی برادری کے حقوق کا تحفظ پنجاب پولیس کی اولین ترجیح ہے: آئی جی پنجاب

08-11-2026

(لاہور نیوز) آئی جی پنجاب عبدالکریم نے اقلیتی برادری کے قومی دن کے موقع پر ہندو، مسیحی، سکھ سمیت تمام اقلیتی برادریوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب پولیس اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کے مسائل کے فوری حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔

آئی جی پنجاب نے کہا کہ قیام پاکستان، ملکی تعمیر و ترقی اور خوشحالی میں اقلیتی برادری کی جدوجہد اور کلیدی کردار قابل تحسین ہے، پنجاب پولیس میں شامل اقلیتی افسران اور جوان بھی اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں احسن انداز میں ادا کرتے ہوئے شاندار خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور انہیں درپیش مسائل کے حل کے لیے پنجاب پولیس کے میثاق سنٹرز قائم کیے گئے ہیں، جہاں اقلیتی شہریوں کو ترجیحی بنیادوں پر پولیس خدمات فراہم کی جا رہی ہیں، میثاق سنٹرز اقلیتی کمیونٹی کے مسائل حل کرنے کے ساتھ ساتھ بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ میثاق سنٹرز میں مسیحی افسران پر مشتمل عملہ اقلیتی شہریوں کے مسائل کے حل کے لیے ترجیحی بنیادوں پر خدمات انجام دے رہا ہے اور شہریوں کو درپیش مسائل کا فوری ازالہ یقینی بنایا جا رہا ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق رواں سال لاہور سمیت صوبہ بھر کے میثاق سنٹرز سے اب تک 90 ہزار 500 سے زائد اقلیتی افراد استفادہ کر چکے ہیں، جبکہ 23 ہزار 200 سے زائد اقلیتی افراد کے مسائل حل کیے گئے ہیں۔ ترجمان کے مطابق 63 ہزار 600 سے زائد اقلیتی افراد کو پولیس خدمت مراکز سے متعلقہ سروسز بھی فراہم کی گئیں، صوبائی دارالحکومت لاہور میں اب تک 24 ہزار 500 سے زائد اقلیتی افراد میثاق سنٹرز سے استفادہ کر چکے ہیں، جبکہ 8 ہزار سے زائد اقلیتی افراد کے مسائل حل اور 12 ہزار سے زائد افراد کو پولیس خدمت مراکز سے متعلقہ سروسز فراہم کی گئیں۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پنجاب پولیس اقلیتی شہریوں کے جان و مال، حقوق اور آزادیوں کے تحفظ کے لیے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کرتی رہے گی اور اقلیتی برادری کو بلاامتیاز بروقت پولیس خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔