برائلر کے نرخ میں 25 روپے اضافہ، گوشت 519 روپے کلو مقرر

08-11-2026

(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت میں پولٹری مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ ہو گیا۔

برائلر کے نرخ میں 25 روپے فی کلو اضافہ کر دیا گیا، جس کے بعد برائلر گوشت کی سرکاری قیمت 519 روپے فی کلو مقرر کر دی گئی ہے، مارکیٹ ذرائع کے مطابق شہریوں کو صافی برائلر گوشت 600 روپے فی کلو تک فروخت کئے جانے کی شکایات بھی سامنے آ رہی ہیں۔ زندہ برائلر کی قیمت میں بھی 17 روپے فی کلو اضافہ ہوا ہے، نئے نرخوں کے مطابق فارم گیٹ پر زندہ برائلر کی قیمت 340 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے، جبکہ ہول سیل مارکیٹ میں زندہ برائلر 344 روپے فی کلو اور پرچون بازار میں 358 روپے فی کلو فروخت کرنے کا نرخ مقرر کیا گیا ہے۔ مارکیٹ ذرائع کے مطابق گزشتہ تین روز کے دوران برائلر کی قیمت میں 65 روپے فی کلو تک اضافہ ہو چکا ہے، جس کے باعث شہریوں پر مہنگائی کا مزید بوجھ پڑ گیا ہے۔ دوسری جانب انڈوں کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور ان کے نرخ برقرار ہیں، انڈے 268 روپے فی درجن مقرر کئے گئے ہیں، جبکہ ہول سیل مارکیٹ میں انڈوں کی پیٹی کی قیمت 7 ہزار 910 روپے مقرر ہے۔ پولٹری مصنوعات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث صارفین نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ مارکیٹ میں سرکاری نرخوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور زائد قیمتوں پر برائلر گوشت کی فروخت کا نوٹس لیا جائے۔