پتنگ بازی کے خلاف پولیس کا کریک ڈاؤن، ملزمان گرفتار
08-11-2026
(لاہور نیوز) پنجاب پولیس کی جانب سے انسداد پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔
رواں سال لاہور سمیت صوبہ بھر میں پتنگ بازی کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران 10 ہزار سے زائد ملزمان کو گرفتار کیا گیا جبکہ 9 ہزار 724 مقدمات درج کئے گئے۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق کارروائیوں کے دوران صوبہ بھر سے 4 لاکھ 79 ہزار 598 پتنگیں اور 15 ہزار 518 ڈور و چرخیاں برآمد کی گئیں، پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں بھی پتنگ بازی کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں کی گئیں، لاہور میں 4 ہزار 769 ملزمان گرفتار جبکہ 4 ہزار 589 مقدمات درج کئے گئے، کارروائیوں کے دوران 1 لاکھ 26 ہزار 488 پتنگیں اور 5 ہزار 168 ڈور و چرخیاں برآمد ہوئیں۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے صوبہ بھر میں پتنگ بازی کے خلاف کارروائیاں مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی جگہ پتنگ بازی ہرگز قابل برداشت نہیں، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ دھاتی ڈور اور پتنگوں کے آن لائن کاروبار میں ملوث عناصر کو بھی قانون کی گرفت میں لایا جائے اور ان کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو پتنگ بازی جیسے خطرناک اور خونی کھیل سے دور رکھیں، شہری بھی اپنی ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے کسی بھی مقام پر پتنگ بازی کی اطلاع فوری طور پر پولیس ایمرجنسی نمبر 15 پر دیں۔ پنجاب پولیس کے مطابق انسداد پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف ورزی کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔