لاہور ہائیکورٹ بار اور لاہور بار کا مشترکہ اجلاس، وکلاء پر پولیس تشدد کی مذمت
08-10-2026
(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ بار اور لاہور بار کے مشترکہ جنرل ہاؤس اجلاس میں تھانہ قلعہ گجر سنگھ میں وکلاء پر مبینہ تشدد اور پولیس کے رویے کے خلاف شدید احتجاج کیا گیا۔
اجلاس کی صدارت لاہور ہائیکورٹ بار کے صدر بابر مرتضیٰ اور لاہور بار کے صدر عرفان حیات باجوہ نے کی، اجلاس میں سیکرٹری لاہور ہائیکورٹ بار قاسم اعجاز سمرا سمیت بار کے دیگر عہدیداران اور وکلاء نے شرکت کی۔ شرکاء نے تھانہ قلعہ گجر سنگھ میں وکلاء کے ساتھ مبینہ تشدد اور پولیس کے رویے کی مذمت کرتے ہوئے تشدد میں ملوث اہلکاروں کی فوری برطرفی اور ان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا۔ وکلاء رہنماؤں نے پولیس افسران معظم الیاس چیمہ اور کاشف کے خلاف بھی کارروائی کا مطالبہ کیا، اجلاس میں پولیس کو لائرز پروٹیکشن ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرنے کے لیے 24 گھنٹے کی مہلت دی گئی۔ وکلاء رہنماؤں نے خبردار کیا کہ مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو آئی جی پنجاب کے دفتر کے سامنے بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔