یومِ آزادی کی تیاریاں عروج پر، بازاروں میں خریداروں کا رش
08-10-2026
(لاہور نیوز) ملک بھر کی طرح لاہور میں بھی یومِ آزادی منانے کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں، شہر بھر میں جشنِ آزادی کا جوش و خروش نمایاں ہے جبکہ بازاروں اور مارکیٹوں میں خریداروں کا رش بڑھ گیا۔
جشنِ آزادی کے قریب آتے ہی لاہور کے بازاروں، مارکیٹوں اور اہم شاہراہوں پر سبز ہلالی پرچموں، جھنڈیوں، بیجز اور دیگر سجاوٹی اشیا کی خریداری میں تیزی آ گئی ہے، نوجوان، بزرگ، بچے اور خواتین بڑی تعداد میں جشنِ آزادی کی تیاریاں کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔ شہری گھروں، دکانوں، گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کو سبز ہلالی پرچموں اور جھنڈیوں سے سجانے کیلئے مختلف اشیا خرید رہے ہیں، بچوں میں بھی جشنِ آزادی کا خصوصی جوش پایا جا رہا ہے، ننھے پاکستانی قومی پرچم اور سبز ہلالی جھنڈیاں خریدنے میں پیش پیش ہیں۔ خواتین بھی جشنِ آزادی کی تیاریوں میں مصروف ہیں اور سبز و سفید لباس، چوڑیوں، بیجز اور دیگر سجاوٹی اشیا کی خریداری جاری ہے، دوسری جانب نوجوان اپنی گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کو قومی پرچموں اور سبز ہلالی جھنڈیوں سے سجانے کی تیاریاں کر رہے ہیں۔ گنپت روڈ سمیت لاہور کے مختلف بازاروں میں دکانداروں نے قومی پرچم، جھنڈیاں، بیجز اور جشنِ آزادی سے متعلق مختلف اقسام کا سجاوٹی سامان سٹالز پر سجا دیا ہے، جشنِ آزادی قریب آتے ہی سبز ہلالی پرچم اور دیگر قومی اشیا کی فروخت میں بھی نمایاں اضافہ ہو گیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ آزادی ایک عظیم نعمت ہے اور وہ یومِ آزادی بھرپور جوش و جذبے سے منائیں گے، شہریوں نے وطنِ عزیز کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا ہے۔