ملک بھر کیلئے اگلے ماہ سے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں بجلی مہنگی ہونے کا خدشہ

08-10-2026

(ویب ڈیسک) ملک بھر کے بجلی صارفین کیلئے بڑا ریلیف ختم ہونے کے قریب پہنچ گیا۔

بجلی کے ایک روپے 99 پیسے فی یونٹ کمی کے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ ریلیف کی مدت رواں ماہ ختم ہو جائے گی جس کے بعد ملک بھر کیلئے اگلے ماہ سے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں بجلی مہنگی ہونے کا خدشہ ہے۔ ذرائع کے مطابق اس وقت ملک بھر کے بجلی صارفین کو جنوری سے مارچ 2026 کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 67 ارب 17کروڑ روپے سے زائد کاریلیف مل رہا ہے تاہم جون 2026 سے جاری اس ایڈجسٹمنٹ کی تین ماہ کی مدت رواں ماہ اگست میں ختم ہو جائے گی، جس کے بعد اپریل تا جون 2026 کی ایڈجسٹمنٹ اگلے ماہ سے لاگو ہونے کا امکان ہے۔ اس ایڈجسٹمنٹ کیلئے بجلی تقسیم کارکمپنیوں نے نیپرا میں درخواست جمع کرائی ہے کہ بجلی صارفین پر 23 ارب روپے سے زائد کا بوجھ منتقل کیا جائے جو تقریبا ایک روپے فی یونٹ اضافہ بنتا ہے تاہم سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں کتنا اضافہ ہو گا؟یہ فیصلہ نیپرا کرے گا۔