خاندان اپنی جگہ، لیکن دوست انسان کی زندگی میں بہت اہم کردار ادا کرتے ہیں: اداکار سچل افضل

08-09-2026

(ویب ڈیسک)پاکستانی اداکار سچل افضل نے اپنے بچپن اور دوستوں کے ساتھ گزاری یادوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ خاندان اپنی جگہ، لیکن دوست بھی انسان کی زندگی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

اداکار سچل افضل نے  حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی اور کیرئیر سمیت ذاتی زندگی سے متعلق تفصیلی بات چیت کی۔پوڈکاسٹ کے میزبان نے اداکار سچل افضل سےسوال کیا کہ آپ کے پروفیشنل سفر کا آغاز کیسے ہوا اور آپ کا بچپن کیسا گزرا؟ جس پر اداکارسچل افضل نےجواب دیا کہ بچپن کی مجھے اتنی زیادہ باتیں تو یاد نہیں، لیکن مجھے یاد ہے کہ میرے تقریباً 20 سے 25 کزنز تھے، ہمارا ایک بڑا خاندان تھا، اس لیے ہم سب مل کر کھیلتے تھے، فلمیں دیکھتے تھے اور ساتھ وقت گزار کر بہت انجوائے کرتے تھے، دوستوں کے ساتھ بھی بہت سی یادیں وابستہ ہیں۔ اداکارسچل افضل نے بتایا کہ پھر جب ہم آہستہ آہستہ بڑے ہونے لگے تو تمام کزنز مصروف ہونے لگے ، ہر کوئی اپنے کام میں مصروف ہو گیا، کوئی کالج چلا گیا اور  کوئی کہیں دور منتقل ہو گیا،  اس وقت مجھے بہت دکھ ہوتا تھا کہ سب لوگ الگ الگ ہو رہے ہیں۔میں اُس وقت سوچتا تھا کہ کاش کوئی ایسی کمیونٹی ہو جہاں میرے سارے کزنز ایک ساتھ رہتے ہوں، ایک ہی گلی میں بہت سارے گھر ہوں اور میری پوری فیملی ایک ساتھ رہتی ہو۔ اداکارسچل افضل نے کہا کہ لیکن جب میں تھوڑا بڑا ہوا تو مجھے احساس ہوا کہ ایسا ممکن نہیں۔ تاہم اس کا یہ مطلب بھی نہیں کہ آپ اپنے رابطے اور تعلقات ختم کر دیتے ہیں۔ آپ فون پر ایک دوسرے سے جڑے رہتے ہیں، مختلف تقریبات میں ملتے ہیں، اور یوں وہ پرانی چیزیں اور یادیں دوبارہ تازہ ہو جاتی ہیں۔