میٹرک میں نمایاں پوزیشنز: ٹریفک وارڈنز کے ہونہار بچوں کے اعزاز میں تقریب

08-09-2026

(لاہور نیوز) ٹریفک وارڈنز کے میٹرک میں نمایاں پوزیشنز اور بہترین نمبرز حاصل کرنے والے بچوں کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں سی ٹی او لاہور نے افسران و اہلکاروں کے ہونہار بچوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔

تقریب میں سی ٹی او لاہور کی جانب سے ٹریفک پولیس کے افسران و اہلکاروں کے ان بچوں کو مدعو کیا گیا جنہوں نے میٹرک کے امتحانات میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر نمایاں پوزیشنز اور بہترین نمبرز حاصل کرنے والے بچوں میں نقد انعامات اور تحائف تقسیم کیے گئے۔ سی ٹی او لاہور نے بچوں کی تعلیمی کامیابی کو سراہتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی اور مستقبل میں بھی بھرپور محنت جاری رکھنے کی تلقین کی۔ سی ٹی او لاہور کا کہنا تھا کہ ٹریفک وارڈنز کے بچوں کی شاندار تعلیمی کامیابی قابلِ فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کی کامیابی نا صرف ان کے والدین بلکہ پورے محکمہ ٹریفک پولیس کے لیے باعثِ فخر ہے۔ سی ٹی او لاہور نے مزید اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے والے ٹریفک وارڈنز کے بچوں کو مالی معاونت فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے ویلفیئر انچارج کو ہدایت کی کہ نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے بچوں کے تعلیمی مستقبل میں ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے۔ تقریب میں ایس پی ظفر نقوی اور ڈی ایس پی محمد اشفاق کے بچوں سمیت ڈی ایس پی احسن سلیم اور ڈی ایس پی فیاض بھٹی کے بچوں نے بھی میٹرک کے امتحانات میں نمایاں نمبر حاصل کرنے پر اعزاز حاصل کیا۔