وزیراعلیٰ مریم نوازسے وہاڑی کے ارکانِ اسمبلی کی ملاقات، ترقیاتی منصوبوں پر تبادلۂ خیال
08-09-2026
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے وہاڑی کے ارکانِ صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی،ملاقات کرنے والوں میں محمد یوسف کسیلیہ، ملک نوشیرانجم لنگڑیال، میاں محمد ثاقب خورشید اور محمد نعیم اختر خان بھابھہ شامل تھے۔
ملاقات کے دوران سیاسی امور، ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ ارکانِ صوبائی اسمبلی نے گزشتہ پانچ دہائیوں سے سنگل اور خستہ حال وہاڑی-ملتان روڈ کو دو رویہ شاندار ایکسپریس وے میں تبدیل کرنے پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے وہاڑی-ملتان روڈ کی تعمیر کو وزیراعلیٰ پنجاب کا گیم چینجر منصوبہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے سے روزانہ چار اضلاع کے لاکھوں مسافر مستفید ہو رہے ہیں۔ ارکانِ اسمبلی نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو ملتان-وہاڑی روڈ کی بحالی پر عوام کی جانب سے ملنے والے شاندار فیڈ بیک سے بھی آگاہ کیا اور کہا کہ وہاڑی-ملتان روڈ کی تعمیر علاقے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے سنگِ میل ثابت ہوگی۔ ارکانِ صوبائی اسمبلی نے وہاڑی میں الیکٹرو بس سروس کے آغاز پر بھی وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہاڑی سے بورے والا اور ٹبہ سلطان پور تک الیکٹرو بس سروس عوام کے لیے بہترین سفری سہولت ہے۔ طلبہ، خواتین اور بزرگوں کے لیے مفت سفر کی سہولت کو انہوں نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا بے مثال اقدام قرار دیا۔ ارکانِ اسمبلی نے بتایا کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ تحصیل بورے والا، میلسی اور وہاڑی میں تقریباً 21 ارب روپے کے میگا پراجیکٹس شروع کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہاڑی ریل بازار کی بیوٹیفکیشن سے شہر کا اربن کلچر بھی نئے دور میں داخل ہو چکا ہے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب کے عوام کی خدمت کا جذبہ اپنے قائد محمد نواز شریف سے ورثے میں ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہاڑی-ملتان روڈ کی فوری تعمیر علاقے کے عوام کا حق تھا، جس کی تکمیل کی اللہ تعالیٰ نے انہیں توفیق دی۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے ذریعے پہلی مرتبہ پورے صوبے میں یکساں ترقی کا کلچر متعارف کرایا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے مون سون کے دوران نکاسیٔ آب کی صورتحال کے حوالے سے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے نئی ڈرینج اور نکاسیٔ آب کی سکیموں کے باعث موجودہ مون سون میں صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے، اب بارشوں کے بعد دنوں، ہفتوں اور مہینوں تک کھڑا رہنے والا پانی گھنٹوں میں نکال دیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسان کارڈ کے ذریعے جنوبی پنجاب کے کاشتکار جبکہ لیپ ٹاپ سکیم اور ہونہار سکالرشپ کے ذریعے طلبہ مستفید ہو رہے ہیں۔