عبداللہ طاہر کو ٹارگٹ کرنے کا منصوبہ دو خواتین کی معاونت سے مکمل ہوا، ذرائع
08-08-2026
(لاہور نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما عبداللہ طاہر کے قتل کیس کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق ٹارگٹ کلنگ کی منصوبہ بندی میں مبینہ طور پر دو خواتین نے شوٹرز گینگ کی معاونت کی، عبداللہ طاہر کو ٹارگٹ کرنے کا منصوبہ دو خواتین کی معاونت سے مکمل کیا گیا، جبکہ خواتین نے سوشل میڈیا ٹولز اور مختلف ایپس کے ذریعے مبینہ طور پر شوٹرز گینگ کو معاونت فراہم کی۔ ذرائع کے مطابق مقتول کے ڈرائیور کو مبینہ طور پر ٹریپ کرنے والی خاتون کے علاوہ ایک دوسری خاتون کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے، دونوں خواتین کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے تفتیش کے دوران اہم معلومات حاصل ہوئی ہیں۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ حراست میں لی گئی دوسری خاتون کو پشتو زبان پر عبور حاصل ہے، جبکہ دونوں خواتین کے موبائل فونز سے ڈیلیٹ کئے گئے ڈیٹا کو فرانزک ذرائع سے ریکور کرنے کا عمل جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق زیرحراست خواتین نے ٹارگٹڈ کارروائی کی منصوبہ بندی اور اس کے مبینہ مقاصد کے حوالے سے پولیس کو اہم معلومات اور لیڈز فراہم کی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حاصل ہونے والی معلومات کی روشنی میں کیس کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں، جبکہ واقعے میں ملوث دیگر افراد تک پہنچنے کیلئے بھی تفتیش کا دائرہ وسیع کیا جا رہا ہے۔