رواں سال بجلی چوروں کے خلاف کارروائیاں، 12 ہزار سے زائد افراد گرفتار
08-08-2026
(لاہور نیوز) لاہور پولیس نے بجلی چوری کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران رواں سال اب تک 12 ہزار 172 افراد کو گرفتار کر لیا، جبکہ شہر کے مختلف تھانوں میں بجلی چوری کے الزام میں 10 ہزار 867 مقدمات درج کئے گئے ہیں۔
ترجمان لاہور پولیس کے مطابق 2026 میں بجلی چوری کے خلاف مختلف کارروائیوں کے دوران 12 ہزار 172 افراد کو گرفتار کیا گیا، پولیس اور لیسکو کی ٹیمیں بجلی چوری کی روک تھام کیلئے شہر کے مختلف علاقوں میں مسلسل کارروائیاں کر رہی ہیں۔ سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے ہدایت کی ہے کہ بجلی کے میٹرز میں ٹمپرنگ، کنڈے اور بجلی چوری کیلئے دیگر ذرائع استعمال کرنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی چوری میں سہولت کاری کرنے والے عناصر بھی قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے، بجلی چوری کیلئے استعمال ہونے والی ڈیوائسز تیار کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائیاں مزید تیز کی جائیں۔ سی سی پی او لاہور نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ بجلی چوری میں ملوث عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری رکھی جائیں اور پولیس و لیسکو کی ٹیموں کے درمیان مؤثر رابطہ یقینی بنایا جائے۔