گڈز ٹرانسپورٹرز کا آج سے ملک گیر غیر معینہ مدت کیلئے ہڑتال کا اعلان
08-08-2026
(لاہور نیوز) گڈزٹرانسپورٹ کی مختلف تنظیموں نےآج سے غیر معینہ مدت تک کے لئے ملک گیر ہڑتال اعلان کر دیا۔
آل پاکستان گڈزٹرانسپورٹ اتحاد،آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اونرز ایسوسی ایشن،کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد،یونائیٹڈ گڈز ٹرانسپورٹ الائنس،گرینڈ ٹرانسپورٹ الائنس آف پاکستان سمیت دیگر ٹرانسپورٹ تنظیمیں ہڑتال میں شامل ہیں۔ صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد ملک شہزاد اعوان ،امداد نقوی ،غلام یاسین ،ندیم اختر آرائیں سمیت ٹرانسپورٹ تنظیموں کے وفاقی حکومت اور سندھ حکومت سے ہونے والے مذاکرات ناکام ہو گئے۔ ملک شہزاد اعوان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت اور سندھ حکومت سنجیدہ نہیں ہیں ہم اپنے ملک گیر ہڑتال کے فیصلے پر قائم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے وزیر مواصلات، سیکرٹری مواصلات،چیئرمین این ایچ اور آئی جی موٹروے مذاکرات میں شامل تھے۔ ملک شہزاد اعوان کا مزید کہنا تھا کہ سندھ حکومت کی جانب سے کمشنر کراچی سیکرٹری ٹرانسپورٹ، سیکرٹری ایکسائز،ڈی آئی جی ٹریفک،ڈی آئی جی ڈرائیونگ لائسنس،PTAاور RTA سیکرٹریز مذاکرات میں موجود تھے۔