پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں، 3 معروف فوڈ یونٹس سیل، بھاری جرمانہ

08-08-2026

(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صحت دشمن عناصر کے خلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں جاری ہیں۔

ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی راجہ منصور احمد کی ہدایت پر باغبانپورہ، چائنہ سکیم، آشیانہ روڈ اور ملحقہ علاقوں میں 19 فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ کی گئی، کارروائی کے دوران 3 معروف فوڈ یونٹس بند کر دیئے گئے، جبکہ قوانین کی خلاف ورزی پر 16 فوڈ پوائنٹس کو مجموعی طور پر 3 لاکھ 51 ہزار روپے کے جرمانے عائد کئے گئے۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق کارروائی کے دوران ایک معروف آئس کریم آؤٹ لیٹ، معروف بیکری اور ایک میٹ پروسیسنگ یونٹ کو بند کیا گیا، میٹ پروسیسنگ یونٹ سے مختلف فروزن اشیاء کے 5 نمونے بھی حاصل کئے گئے۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی راجہ منصور احمد کے مطابق میٹ پروسیسنگ یونٹ میں قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے نیلے ڈرموں میں مرغی ذبح کرکے فرش پر رکھی گئی تھی، جبکہ تازہ تیار ہونے والے گوشت کو بغیر ڈھانپے رکھا گیا تھا اور اس پر مکھیوں کی بھرمار تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ متعلقہ یونٹ میں فوڈ گریڈ سرٹیفکیٹ، ملازمین کے میڈیکل اور ٹریننگ ریکارڈ سمیت دیگر ضروری دستاویزات بھی موجود نہیں تھیں۔ فوڈ اتھارٹی کے مطابق بیکری میں صفائی کے ناقص انتظامات اور سابقہ ہدایات کی خلاف ورزی پائی گئی، پروسیسنگ ایریا میں واش روم، کھلی نالیاں اور ٹوٹے ہوئے فرش بھی موجود تھے، جبکہ حشرات کی روک تھام کیلئے قوانین کے مطابق مناسب اقدامات نہیں کئے گئے تھے۔ ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی راجہ منصور احمد نے کہا کہ معیاری خوراک کی فراہمی اور ملاوٹ مافیا کی سرکوبی کیلئے کارروائیاں جاری رہیں گی، پنجاب میں خوراک کا کاروبار کرنے کیلئے متعلقہ قوانین پر عملدرآمد ضروری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام کی صحت کے ساتھ کھلواڑ کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں اور قوانین کی خلاف ورزی پر بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔