بینک سے رقم نکلوانے والے شہریوں کو لوٹنے والا گروہ گرفتار
08-08-2026
(لاہور نیوز) نواب ٹاؤن پولیس نے بینک سے رقم نکلوانے والے شہریوں کو لوٹنے والے گروپ کو گرفتار کرلیا، پولیس نے ملزمان کو سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ٹریس کرکے حراست میں لیا۔
پولیس کے مطابق چند روز قبل حسن نامی شہری بینک سے رقم نکلوا کر جا رہا تھا کہ ملزمان نے جوہر ٹاؤن جی تھری کے قریب اسے گن پوائنٹ پر روک کر واردات کی۔ ملزمان شہری سے 31 لاکھ 20 ہزار روپے نقدی چھین کر فرار ہوگئے تھے۔ نواب ٹاؤن پولیس نے واقعے کی تفتیش کرتے ہوئے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کو ٹریس کیا اور کارروائی کرتے ہوئے عامر شہزاد اور اویس علی کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے چھینی گئی رقم بھی برآمد کرلی گئی ہے، جبکہ دونوں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔