جشنِ آزادی: لاہور ٹریفک پولیس کا ون ویلرز کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ

08-08-2026

(لاہور نیوز) جشنِ آزادی کے موقع پر ون ویلنگ، ہلڑ بازی اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کی روک تھام کے لیے لاہور ٹریفک پولیس نے تیاری پکڑ لی، ون ویلرز کے ساتھ ان کی موٹرسائیکلیں تیار کرنے والے مکینکس اور سہولت کاروں کے خلاف بھی مقدمات درج کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

چیف ٹریفک آفیسر لاہور عبدالرحیم شیرازی نے افسران کو جشنِ آزادی کے موقع پر ون ویلنگ، کم عمر ڈرائیورز اور ہلڑ بازی کے خلاف بھرپور کارروائی کی ہدایت کردی۔ سی ٹی او کے مطابق ون ویلنگ کے لیے موٹرسائیکل تیار کرنے والے مکینک کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا، جبکہ ون ویلرز اور ان کے سہولت کار موٹر مکینکس کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ موٹرمکینکس ون ویلرز کی موٹرسائیکلیں تیار کرنے اور سائیلنسر اتارنے سے باز رہیں، بصورت دیگر ان کے خلاف بھی قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ جشنِ آزادی کے موقع پر صوتی آلودگی، بغیر سائیلنسر موٹرسائیکلوں اور ہلڑ بازی کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔ سی ٹی او نے سرکل افسران کو ہدایت کی ہے کہ شہر کی مصروف اور اہم شاہراہوں پر روزانہ کی بنیاد پر ون ویلرز اور ہلڑبازوں کے خلاف جنرل ہولڈ کیا جائے۔ لاہور کی موٹرسائیکل مارکیٹوں میں اعلانات کے ذریعے مکینکس کو ممکنہ کارروائی سے آگاہ کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ سی ٹی او عبدالرحیم شیرازی کے مطابق سابقہ ریکارڈ یافتہ ون ویلرز کی ڈور نوکنگ کے لیے لاہور پولیس کو بھی درخواست کردی گئی ہے، جبکہ سوشل میڈیا پر ون ویلنگ اور ہلڑ بازی کی تشہیر کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس کی جانب سے سوشل میڈیا پر بھی بھرپور آگاہی مہم جاری ہے تاکہ نوجوانوں کو خطرناک سرگرمیوں سے روکا جا سکے۔ سی ٹی او عبدالرحیم شیرازی نے جشنِ آزادی کے موقع پر شہریوں، خصوصاً والدین سے مثبت کردار ادا کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ والدین اپنے بچوں کو ون ویلنگ اور دیگر خطرناک سرگرمیوں سے روکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں اور خصوصاً والدین کے تعاون سے اس خونی کھیل کا خاتمہ ممکن ہوگا اور جشنِ آزادی کو محفوظ اور پُرامن انداز میں منایا جا سکے گا۔