لاہور میں پتنگوں کی بڑی کھیپ پکڑی گئی، پتنگ ڈیلر گرفتار
08-08-2026
(لاہور نیوز) لاہور پولیس نے پتنگوں کی بڑی ترسیل ناکام بناتے ہوئے 9 بین الاضلاعی پتنگ ڈیلرز کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان سے ہزاروں تیار پتنگیں، خام مال اور پتنگیں بنانے والے اوزار برآمد کئے گئے ہیں۔ ایس ایچ او مصطفیٰ آباد ملک اسد اللہ نے پولیس ٹیم کے ہمراہ خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے پتنگیں تیار کرنے والے ایک کارخانے پر چھاپہ مارا، جہاں پتنگیں تیار کرتے ہوئے 9 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ پولیس ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان میں نعمان، زوہیب، اشتیاق، اصغر اور ندیم سمیت دیگر شامل ہیں۔ ایس پی کینٹ انویسٹی گیشنز کے مطابق ملزمان کے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کی 6 ہزار سے زائد تیار پتنگیں، 2 ہزار پتنگیں تیار کرنے کا خام مال اور پتنگیں بنانے والے اوزار برآمد ہوئے۔ پولیس کے مطابق ملزمان نے دورانِ تفتیش کارخانے میں پتنگیں تیار کرکے آن لائن لوکیشن کے ذریعے مختلف اضلاع میں سپلائی دینے کا اعتراف کیا ہے۔ ایس پی کینٹ انویسٹی گیشنز راحیلہ اقبال کا کہنا ہے کہ ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے انہیں مزید تفتیش کیلئے انویسٹی گیشنز ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ ایس پی کینٹ انویسٹی گیشنز نے کارروائی میں اہم کردار ادا کرنے پر ایڈیشنل ایس ایچ او مصطفیٰ آباد اسداللہ اور پولیس ٹیم کو تعریفی اسناد دینے کا اعلان بھی کیا۔ راحیلہ اقبال نے کہا کہ پتنگ فروشوں، پتنگ سازوں اور پتنگ بازوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد جاری ہے اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کیلئے قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔