پٹرولیم ڈیلرز کا حکومت کو مطالبات پر فوری فیصلے کا مطالبہ، پیر تک کا الٹی میٹم
08-08-2026
(ویب ڈیسک) پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے وفاقی وزیرِ پٹرولیم کو خط ارسال کرتے ہوئے حکومت سے اپنے مطالبات پر پیر تک واضح اور حتمی فیصلہ کرنے کا مطالبہ کر دیا۔
ایسوسی ایشن کے مطابق حکومت کو دی گئی دو ہفتوں کی مہلت ختم ہو چکی ہے، تاہم اس دوران ڈیلرز کے مطالبات پر کوئی عملی پیش رفت نہیں ہوئی۔ چیئرمین پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 24 گھنٹے کے نوٹس پر ہونے والی تبدیلیوں کے باعث ڈیلرز کو مسلسل مالی نقصان کا سامنا ہے، ایسوسی ایشن کے چار بنیادی مطالبات میں سے کسی ایک پر بھی تاحال فیصلہ نہیں کیا گیا۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ڈیلرز کو فوری طور پر فیصلے سے آگاہ کیا جائے تاکہ بڑھتی ہوئی بے چینی کا خاتمہ کیا جا سکے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر پیر تک مطالبات پر کوئی پیش رفت نہ ہوئی تو ایسوسی ایشن اپنے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرنے پر مجبور ہو گی۔ چیئرمین پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کا کہنا تھا کہ حکومت، ڈیلرز اور عوام کے مفاد میں پیدا ہونے والے مسائل کا فوری حل ناگزیر ہے۔