نمبر پلیٹ پر ٹیپ یا کپڑا لگانے والوں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ
08-07-2026
(لاہور نیوز) ٹیپ، کپڑے یا کسی بھی دوسرے طریقے سے نمبر پلیٹ چھپانے یا اس میں ردوبدل کرنے والی گاڑیاں اب سیف سٹی اتھارٹی کی کڑی نگرانی میں آ گئی ہیں۔
ترجمان سیف سٹی کے مطابق جدید اے آئی (مصنوعی ذہانت) پر مبنی کیمرے مشکوک، جعلی اور ٹیمپرڈ نمبر پلیٹس کی فوری شناخت کر کے خودکار طور پر الرٹ جاری کرتے ہیں۔ ترجمان کے مطابق جیسے ہی سسٹم سے الرٹ موصول ہوتا ہے، فوری کارروائی کیلئے قریبی فیلڈ فورس کو گاڑی کی تمام متعلقہ معلومات فراہم کر دی جاتی ہیں تاکہ بروقت کارروائی کو یقینی بنایا جا سکے۔ سیف سٹی کے اعداد و شمار کے مطابق صرف جولائی کے دوران اے آئی بیسڈ کیمروں کی مدد سے 100 سے زائد جعلی، کلون اور مشکوک گاڑیوں کو پکڑوایا گیا، ترجمان نے خبردار کیا کہ جعلی یا ٹیمپرڈ نمبر پلیٹ استعمال کرنے والوں کے خلاف چالان کے ساتھ مقدمہ بھی درج کیا جا سکتا ہے۔ ترجمان سیف سٹی کا کہنا ہے کہ اصل نمبر پلیٹ کو چھپانا، اس پر ٹیپ یا کپڑا لگانا یا نمبروں میں کسی بھی قسم کی تبدیلی کرنا قانوناً جرم ہے، جس کے مرتکب افراد کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔