اگست 2026 کو جشنِ آزادی کا یادگار مہینہ بنانے کا فیصلہ

08-07-2026

(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر اگست 2026 کو جشنِ آزادی کا یادگار مہینہ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، لاہور سمیت صوبے بھر میں مختلف قومی، ثقافتی، کھیلوں اور تفریحی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔

جشنِ آزادی کی تیاریوں کے سلسلے میں ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز  نے مشیر وزیراعلیٰ پنجاب ذیشان ملک کو لاہور میں منعقد ہونے والی تقریبات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی، اجلاس میں جامع اور مربوط ایکشن پلان کا جائزہ لیا گیا، جبکہ کھیلوں، ثقافتی، قومی اور فیملی انٹرٹینمنٹ سرگرمیوں کی تیاریوں پر بھی غور کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر لاہور  نے بتایا کہ شہر میں جشنِ آزادی قومی جوش و جذبے اور شان و شوکت کے ساتھ منایا جائے گا، مختلف تقریبات کے ذریعے قومی یکجہتی، حب الوطنی اور عوامی شرکت کو فروغ دیا جائے گا، اگست بھر سپورٹس ایونٹس، کلچرل پروگرامز، فیملی انٹرٹینمنٹ سرگرمیاں، ثقافتی کنسرٹس، آتش بازی، چراغاں اور خصوصی لائٹنگ جشنِ آزادی کا حصہ ہوں گے۔ مشیر وزیراعلیٰ پنجاب ذیشان ملک نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت کے مطابق لاہور جشنِ آزادی کی مرکزی تقریبات کا نمایاں مرکز ہو گا، لاہور کو اگست میں جشنِ آزادی کا مرکز بنایا جائے گا، جہاں شہریوں کیلئے بہترین تفریحی، ثقافتی اور قومی سرگرمیوں کا اہتمام کیا جائے گا۔ ذیشان ملک کا کہنا تھا کہ حکومتِ پنجاب کی اولین ترجیح قومی یکجہتی، حب الوطنی اور سبز ہلالی پرچم سے محبت کے جذبے کو فروغ دینا ہے، جبکہ شہریوں کو جشنِ آزادی کی تقریبات میں بھرپور شرکت کے مواقع فراہم کئے جائیں گے۔