زیرحراست دو خواتین کی ہلاکت کا واقعہ،پوسٹ مارٹم رپورٹ میں اہم انکشاف
08-07-2026
(لاہور نیوز) ٹاؤن شپ تھانے میں زیر حراست دو خواتین کی ہلاکت کے معاملے میں دونوں کی لاشوں کا دو روز بعد پوسٹ مارٹم مکمل کر لیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی میڈیکل رپورٹ کے مطابق دونوں خواتین کی موت دل بند ہونے کے باعث ہوئی، تاہم موت کی حتمی وجہ کا تعین کرنے کے لیے ضروری نمونہ جات فرانزک لیبارٹری بھجوا دیے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والی دونوں خواتین انویسٹی گیشن ونگ کی تحویل میں تھیں۔ پوسٹ مارٹم میاں منشی ہسپتال کے میڈیکل بورڈ نے انجام دیا، جبکہ حتمی فرانزک رپورٹ آنے کے بعد ہی اموات کی اصل وجوہات واضح ہو سکیں گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ انویسٹی گیشن ونگ کی جانب سے متعلقہ دستاویزات کی تکمیل میں تاخیر کے باعث پوسٹ مارٹم واقعے کے اگلے روز کے بجائے دوسرے روز کیا گیا۔