جمعۃ المبارک: سکیورٹی ہائی الرٹ، سنیپ چیکنگ اور ناکہ بندی سخت

08-07-2026

(لاہور نیوز) جمعۃ المبارک کے موقع پر لاہور پولیس نے شہر بھر میں سکیورٹی انتظامات مزید سخت کرتے ہوئے سنیپ چیکنگ اور ناکہ بندی کا دائرہ وسیع کر دیا ہے۔

ترجمان لاہور پولیس کے مطابق رواں سال اب تک ایک لاکھ 41 ہزار سے زائد گاڑیوں اور 5 لاکھ 89 ہزار سے زائد موٹرسائیکلوں کی چیکنگ کی جا چکی ہے، بغیر کاغذات سفر کرنے پر 7 ہزار 148 موٹرسائیکل سواروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔ اس کے علاوہ 130 موٹر سائیکلوں کو "اپلائیڈ فار" نمبر پلیٹس اور 349 موٹر سائیکلوں کو غیر نمونہ نمبر پلیٹس استعمال کرنے پر پولیس تحویل میں لیا گیا، 237 موٹر سائیکلوں کو انسدادی کارروائی کیلئے مختلف تھانوں میں بند کیا گیا۔ سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ  نے کہا ہے کہ جمعۃ المبارک کے پیش نظر شہر بھر میں سنیپ چیکنگ کا سلسلہ جاری ہے اور مشتبہ افراد، گاڑیوں اور بغیر کاغذات موٹر سائیکلوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ انہوں  نے بتایا کہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں، اہم شاہراہوں اور حساس مقامات پر ناکہ بندی مزید سخت کر دی گئی ہے، جبکہ سنیپ چیکنگ کے دوران مشتبہ افراد، گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی مکمل جانچ پڑتال یقینی بنائی جا رہی ہے۔ سی سی پی او لاہور کا کہنا تھا کہ لاہور پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور شہر میں امن و امان برقرار رکھنے کیلئے ہر وقت الرٹ اور متحرک ہے۔