رواں سال جعلی اور فینسی نمبر پلیٹس کیخلاف ایک لاکھ 80 ہزار سے زائد کارروائیاں
08-07-2026
(لاہور نیوز) ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر کی ہدایات پر صوبہ بھر میں جعلی، غیر نمونہ اور فینسی نمبر پلیٹس کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کر دی گئی ہیں۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق رواں سال اب تک غیر نمونہ، جعلی اور فینسی نمبر پلیٹس استعمال کرنے والوں کے خلاف ایک لاکھ 80 ہزار سے زائد کارروائیاں کی جا چکی ہیں، جبکہ صرف لاہور میں 44 ہزار سے زائد گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کے خلاف ایکشن لیا گیا۔ ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ نمبر پلیٹ میں ردوبدل یا چھیڑ چھاڑ کرنا قانوناً جرم ہے، لہٰذا غیر نمونہ یا فینسی نمبر پلیٹس استعمال کرنے والی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو بند کیا جائے گا۔ ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے تمام فیلڈ افسران کو ہدایت کی ہے کہ ٹریفک ون ایپ کی مدد سے جعلی نمبر پلیٹس استعمال کرنے والوں کے خلاف مؤثر کارروائیاں کی جائیں، جبکہ سی ٹی اوز اور ڈی ٹی اوز بہترین حکمت عملی اختیار کرتے ہوئے مہم کو مزید مؤثر بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں کمرشل اور نان کمرشل ہر قسم کی گاڑیوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں، نمبر پلیٹ گاڑی کی شناخت ہوتی ہے اور اس شناخت کو چھپانا قانون کی خلاف ورزی ہے۔