وزیراعلیٰ مریم نوازکا مون سون کے بعد خستہ حال عمارتوں کے سروے کا حکم

08-07-2026

(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام سے متعلق خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس میں پروگرام پر ہونے والی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں پنجاب بھر کے تمام ڈپٹی کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ہدایت کی کہ مون سون سیزن کے فوراً بعد پنجاب کے ہر شہر میں خستہ حال عمارتوں کا جامع سروے کیا جائے تاکہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے بروقت اقدامات یقینی بنائے جا سکیں۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ نے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام فیز ون کی جلد تکمیل کا حکم دیتے ہوئے اس کی جامع کیس سٹڈی تیار کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے سیوریج اور ڈرینج منصوبوں پر امپیکٹ سٹڈی رپورٹ طلب کی اور پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام سے متعلق عوامی فیڈ بیک مرتب کرنے کی بھی ہدایت جاری کی۔ اجلاس کے دوران وہاڑی، بورے والا، تاندلیانوالہ، جڑانوالہ، جلال پور جٹاں، سمبڑیال، مریدکے، کھڈیاں، کبیروالا، چک جھمرہ، بھلوال اور اٹک سمیت متعدد شہروں میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔ اسی طرح کمالیہ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، گوجرہ، علی پور چٹھہ، چیچہ وطنی، ڈسکہ، لیہ، سلانوالی، وزیرآباد، بہاولنگر اور میلسی کے منصوبوں پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ساہیوال، فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، راولپنڈی اور سیالکوٹ کے منصوبوں سے متعلق رپورٹس بھی پیش کی گئیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پنجاب کے 29 شہروں میں زیر زمین سٹوریج ٹینک مکمل طور پر فعال ہو چکے ہیں، جبکہ مزید 21 شہروں میں ان کی تعمیر جاری ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ڈی سی لاہور کیپٹن علی اعجاز اور ڈی سی گوجرانوالہ نوید احمد شیخ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں شاباش دی۔ انہوں نے کہا کہ ڈی سی لاہور کیپٹن علی اعجاز باغبانپورہ سانحے کے دوران آخری شہری کو ملبے سے نکالنے تک مسلسل 27 گھنٹے موقع پر موجود رہے، جبکہ گوجرانوالہ میں ریکارڈ بارش کے باوجود چھ گھنٹوں سے بھی کم وقت میں نکاسی آب مکمل کرنا قابل تحسین ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ مختلف شہروں میں نئے سیوریج سسٹم کی بدولت نکاسی آب کے نظام میں واضح بہتری آئی ہے۔ انہوں نے مون سون کے دوران ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز، واسا اور ستھرا پنجاب کی ٹیموں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ بارشوں کے دوران عوام کی سہولت کے لیے دن رات خدمات انجام دینے والے تمام افسران اور اہلکار مبارکباد اور شاباش کے مستحق ہیں۔