پنجاب کی پبلک ٹرانسپورٹ مزید محفوظ، کیو آر پینک بٹن سسٹم فعال
08-06-2026
(لاہور نیوز) پنجاب حکومت نے پبلک ٹرانسپورٹ میں مسافروں کے تحفظ کو مزید مؤثر بنانے کیلئے سی ایم پنجاب کیو آر پینک بٹن سسٹم کی تنصیب کا عمل تیز کر دیا۔
ذرائع کے مطابق لاہور، راولپنڈی اور ملتان میں چلنے والی تمام میٹرو، سپیڈو اور الیکٹرک بسوں میں یہ جدید نظام مکمل طور پر نصب کر دیا گیا ہے۔ اس اقدام کے بعد میٹرو، سپیڈو اور ای بسوں کو پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے کیو آر پینک بٹن سسٹم سے منسلک کر دیا گیا ہے، جس کے ذریعے مسافر کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر سیف سٹی سے رابطہ کر سکیں گے۔ حکام کے مطابق کیو آر پینک بٹن سکین کرتے ہی مسافر متعلقہ گاڑی، ڈرائیور اور روٹ کی مکمل معلومات حاصل کر سکیں گے، کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں 15 پر کال، ویڈیو کال یا لائیو چیٹ کے ذریعے فوری مدد طلب کی جا سکے گی۔ مزید بتایا گیا کہ ہنگامی صورتحال میں مسافر کی لائیو لوکیشن اور متعلقہ گاڑی کا ڈیٹا فوری طور پر پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کو موصول ہو گا، جس کے بعد جدید مانیٹرنگ سسٹم کے ذریعے پولیس کا فوری رسپانس یقینی بنایا جائے گا۔