پنجاب میں گھر گھر صاف پانی کی فراہمی کا منصوبہ تیز، بوتل بند پانی پر چارجز لگانے کی تجویز مسترد

08-06-2026

(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صاف پینے کے پانی کی بوتلوں پر چارجز عائد کرنے کی ابتدائی تجویز مسترد کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ عوام کو ان کی دہلیز تک صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔

وزیراعلیٰ کی زیر صدارت صاف پانی اتھارٹی کے خصوصی اجلاس میں چار اضلاع میں جاری کلین ڈرنکنگ واٹر پائلٹ منصوبے کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ نے منصوبے کی روزانہ رپورٹ طلب کرتے ہوئے بہاولپور، رحیم یار خان اور خوشاب کے ڈپٹی کمشنرز کو عوامی فیڈبیک حاصل کرنے اور پانی کی روزانہ ضروریات کا تعین کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں 864 واٹر فلٹریشن پلانٹس کی تعمیر جاری ہے جبکہ مزید 1,913 پلانٹس پر جلد کام شروع کیا جائے گا۔ پائلٹ منصوبے کے تحت چار اضلاع میں 19 لیٹر کی 10 ہزار بوتلیں مفت فراہم کی جا رہی ہیں۔ وزیراعلیٰ نے صوبہ بھر میں واٹر فلٹریشن پلانٹس کے 1,886 منصوبے جلد مکمل کرنے کی بھی ہدایت جاری کی۔ اجلاس میں صوبے بھر میں 670 بوٹلنگ پلانٹس کے قیام اور 4,020 ڈسٹری بیوشن پوائنٹس قائم کرنے کی تجاویز کا بھی جائزہ لیا گیا۔ منصوبے کے تحت 335 پلانٹس پر روزانہ 5 ہزار لیٹر جبکہ مزید 335 پلانٹس پر روزانہ 10 ہزار لیٹر صاف پانی تیار کیا جا سکے گا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ صاف پینے کا پانی پنجاب کے ہر شہری کا بنیادی حق ہے اور جہاں یہ سہولت دستیاب نہیں وہاں بوتل بند پانی ہر صورت پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین اور بزرگوں کو پانی کے حصول کے لیے مشکلات کا سامنا کرتے دیکھ کر دکھ ہوتا ہے، حکومت اس صورتحال کے مستقل حل کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ کلین ڈرنکنگ بوٹلڈ واٹر منصوبے کے تحت روزانہ لاکھوں لیٹر صاف پانی شہریوں کی دہلیز تک پہنچایا جا رہا ہے اور اس منصوبے کا مقصد عوام کو صحت مند، محفوظ اور معیاری پینے کا پانی فراہم کرنا ہے۔