پی ایم ڈی سی نے تعلیمی سیشن 2025-26 کیلئے طلبہ رجسٹریشن پورٹل فعال کر دیا

08-05-2026

(لاہور نیوز) پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) نے تعلیمی سیشن 2025-26 کے لیے طلبہ کی رجسٹریشن کا آن لائن پورٹل فعال کر دیا۔

پی ایم ڈی سی کے مطابق تمام میڈیکل اور ڈینٹل کالجز داخلہ لینے والے طلبہ کی تفصیلات داخلے کے 30 روز کے اندر کونسل کے پورٹل پر جمع کرانے کے پابند ہوں گے،  تمام سرکاری و نجی میڈیکل اور ڈینٹل کالجز کو مقررہ مدت کے اندر طلبہ کا مکمل ریکارڈ اپ لوڈ کرنے کی ہدایت بھی جاری کر دی ہے۔ اعلامیے کے مطابق کالجز کی جانب سے ڈیٹا اپ لوڈ کیے جانے کے بعد متعلقہ جامعات 45 روز کے اندر طلبہ کی معلومات کی تصدیق کریں گی تاکہ رجسٹریشن کا عمل بروقت مکمل کیا جا سکے۔ پی ایم ڈی سی نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ مقررہ ٹائم لائن پر سختی سے عمل کیا جائے تاکہ انتظامی مشکلات سے بچتے ہوئے طلبہ کی رجسٹریشن کا عمل شفاف اور بروقت مکمل ہو سکے۔