یوم شہدائے پولیس: سی ٹی او لاہور کا شہداء کو خراج عقیدت
08-05-2026
(لاہور نیوز) یوم شہدائے پولیس کے موقع پر چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے فرض کی راہ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء پولیس کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ لاہور ٹریفک پولیس فرض کی راہ پر جان قربان کرنے والے تمام شہداء کو سلام پیش کرتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب بھر میں 1743، لاہور میں 342 جبکہ ٹریفک پولیس کے 6 جوانوں نے ملک و قوم کی حفاظت کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا کہ یوم شہدائے پولیس دراصل تجدید عہد کا دن ہے، جس میں ہم اپنے شہداء کی قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے عوام کے تحفظ اور خدمت کے عزم کو مزید مضبوط کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں ایک بہادر فورس کا کمانڈر ہونے پر فخر ہے، ایسی فورس کا حصہ ہونا باعث اعزاز ہے جس نے ملک و قوم کی سربلندی کے لیے عظیم قربانیاں دی ہیں۔ سی ٹی او لاہور کا کہنا تھا کہ پولیس شہداء نے اپنا آج قوم و ملت کے روشن مستقبل پر قربان کر دیا۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ لاہور ٹریفک پولیس شہریوں کے تحفظ، خدمت اور قانون کی بالادستی کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔