ثمینہ احمد میری استاد اور سب سے بڑی رہنما ہیں، ثانیہ سعید

08-05-2026

(ویب ڈیسک) پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ ثانیہ سعید نے کہا ہے کہ معروف اداکارہ ثمینہ احمد نہ صرف ان کی استاد ہیں بلکہ انہوں نے کیریئر کے ابتدائی دنوں میں انہیں بے پناہ محبت، حوصلہ افزائی اور تحفظ بھی فراہم کیا۔ا

  نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ثانیہ سعید نے ثمینہ احمد کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلق اور ڈرامہ آہٹ میں ایک ساتھ کام کرنے کے تجربات شیئر کیے۔ انہوں نے بتایا کہ تھیٹر فیسٹیولز میں شرکت کے لیے وہ ٹرین کے ذریعے لاہور آیا کرتی تھیں، مگر نہ رہائش کا بندوبست ہوتا تھا اور نہ ہی مالی وسائل زیادہ ہوتے تھے، اس موقع پر ان کے والد ہمیشہ کہتے تھے کہ کوئی فکر کی بات نہیں، ثمینہ احمد وہاں موجود ہیں۔ ثانیہ سعید نے کہا کہ ابتدا میں انہیں حیرت ہوتی تھی کہ بغیر پوچھے ان کے والد نے کیسے فرض کر لیا کہ وہ ثمینہ احمد کے گھر رہ سکیں گی، تاہم ان کے والد نے یقین دلایا کہ وہ خود اس حوالے سے بات کر لیں گے، بعد ازاں وہ ثمینہ احمد کے گھر رہیں اور پورے تھیٹر فیسٹیول میں بھرپور حصہ لیا۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہیں اپنے سینئر فنکاروں سے بے حد محبت، شفقت اور تحفظ ملا، اور ان کی خواہش ہے کہ وہ بھی یہی روایت نئی نسل تک منتقل کریں، کیونکہ یہی لوگ ان کے استاد اور عملی طور پر ایک ادارے کی حیثیت رکھتے تھے۔ ثمینہ احمد کی شخصیت پر بات کرتے ہوئے ثانیہ سعید نے کہا کہ وہ نہایت بہادر اور باہمت خاتون ہیں، انہوں نے اپنے بچوں کی اکیلے پرورش کی، انہیں اپنے پاؤں پر کھڑا کیا اور بعد میں اپنی زندگی کا نیا سفر شروع کرنے کا فیصلہ کیا، جو ان کے حوصلے اور خوداعتمادی کی عکاسی کرتا ہے۔ ثانیہ سعید نے مزید بتایا کہ اگرچہ ان کے ٹی وی کیریئر کا آغاز ثمینہ احمد کے ساتھ ڈرامہ آہٹ سے ہوا، تاہم وہ اس سے پہلے ہی انہیں جانتی تھیں کیونکہ وہ رفی پیر میں آرٹ ڈائریکٹر تھیں، جہاں سے انہوں نے فن اور تھیٹر کی بہت کچھ سیکھا۔