مون سون بارشیں: ڈی سی لاہور کا واسا اور ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کا حکم

08-05-2026

(لاہور نیوز) مون سون بارشوں کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے واسا اور ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے شہر بھر میں نکاسی آب کے مؤثر انتظامات یقینی بنانے کا حکم دے دیا۔

ڈپٹی کمشنر لاہور کی زیر نگرانی شہر بھر میں نکاسی آب کا آپریشن جاری ہے، جبکہ تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور واسا افسران فیلڈ میں موجود رہ کر بارشی پانی کی نکاسی کے عمل کی خود نگرانی کر رہے ہیں، انتظامیہ کی جانب سے شہر کے تمام علاقوں میں صورتحال کی لمحہ بہ لمحہ مانیٹرنگ بھی جاری ہے۔ ڈی سی لاہور  نے ہدایت کی ہے کہ مرکزی شاہراہوں، تمام انڈر پاسز اور نشیبی علاقوں سے بارشی پانی کی فوری نکاسی ہر صورت یقینی بنائی جائے، اس مقصد کیلئے ڈی واٹرنگ پمپس، ہیوی مشینری اور واسا کا فیلڈ سٹاف مختلف مقامات پر تعینات کر دیا گیا ہے، جبکہ گلی محلوں اور رابطہ سڑکوں سے پانی کے اخراج کیلئے خصوصی ٹیمیں بھی تشکیل دی گئی ہیں۔ انہوں نے تمام ڈسپوزل اسٹیشنز کو بارش کے اختتام تک مکمل استعداد کے ساتھ، جنریٹر بیک اپ سمیت فعال رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ نکاسی آب میں کسی قسم کی غفلت یا سستی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی، تمام افسران فیلڈ میں موجود رہ کر کلیئرنس کے عمل کی خود نگرانی کریں تاکہ انڈر پاسز میں پانی جمع نہ ہو اور ٹریفک کی روانی برقرار رہے۔