پنجاب بھر کے سیکڑوں ہائی سکولوں کو ہائر سیکنڈری کا درجہ دینے کا فیصلہ

08-05-2026

(لاہور نیوز) پنجاب حکومت نے صوبے بھر کے سیکڑوں ہائی سکولوں کو ہائر سیکنڈری سکول کا درجہ دینے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کے بعد طلبا و طالبات اپنے ہی اداروں سے ایف اے اور ایف ایس سی کی تعلیم حاصل کر سکیں گے۔

ذرائع کے مطابق محکمہ تعلیم نے ہائی سکولوں کی اپ گریڈیشن کے لیے تمام متعلقہ اداروں سے ڈیٹا طلب کر لیا ہے۔ اپ گریڈیشن کے لیے سکول میں مناسب جگہ کی دستیابی اور عمارت کا معیار بنیادی شرائط ہوں گی۔ محکمہ تعلیم نے ہائی سکولوں کے سربراہان سے اداروں کی مکمل رپورٹس طلب کر لی ہیں، جبکہ تھرڈ پارٹی کے معائنے کے بعد ہی کسی سکول کو ہائر سیکنڈری کا درجہ دیا جائے گا۔ پنجاب بھر میں اس وقت تقریباً 6 ہزار ہائی سکول موجود ہیں۔ اب تک 5 ہزار 800 سکول اپنا ڈیٹا جمع کرا چکے ہیں، جبکہ 795 ہائی سکولوں نے مطلوبہ جگہ دستیاب ہونے کی صورت میں ہائر سیکنڈری سکول کا درجہ حاصل کرنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔