مستی گیٹ پولیس کی کارروائی، دو رکنی جیب تراش گرفتار، موبائل فونز برآمد
08-05-2026
(لاہور نیوز) مستی گیٹ پولیس نے خفیہ اطلاع پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے دو رکنی متحرک جیب تراش اور چور گینگ کو گرفتار کر لیا۔
پولیس نے ملزمان کے قبضے سے 11 موبائل فونز اور غیر قانونی اسلحہ بھی برآمد کر لیا، ایس پی سٹی عاطف امیر کے مطابق گرفتار کئے گئے دو رکنی گینگ میں حسنین اور تصور شامل ہیں، جو شہر کے مختلف علاقوں، خصوصاً داتا دربار اور اس کے گرد و نواح میں جیب تراشی اور چوری کی وارداتوں میں ملوث تھے، ملزمان شہریوں کی جیبوں سے نقدی اور موبائل فون چرا کر موقع سے فرار ہو جاتے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ خفیہ اطلاع پر کارروائی کے دوران ملزمان نے فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے انہیں گرفتار کر لیا۔ ایس پی سٹی کے مطابق ملزمان کے قبضے سے 11 موبائل فونز اور غیر قانونی اسلحہ برآمد کر لیا گیا ہے، جبکہ دونوں کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دورانِ تفتیش ملزمان سے مزید وارداتوں کے انکشافات متوقع ہیں۔