5 اگست کشمیریوں کی شناخت پر حملہ تھا، پاکستان اسے کبھی تسلیم نہیں کرے گا: مریم نواز
08-05-2026
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ 5 اگست 2019 کشمیریوں کی شناخت پر حملہ تھا، جسے پاکستان کبھی تسلیم نہیں کرے گا، "کشمیر بنے گا پاکستان" کی آوازیں آج پوری دنیا میں گونج رہی ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں مظلوم کشمیریوں کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے آزادی کی جدوجہد میں شہداء کے خاندانوں کے صبر و استقامت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے اقوامِ متحدہ سمیت انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا فوری نوٹس لیں۔ مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر موجودہ دور کا سب سے بڑا انسانی المیہ ہے، جبکہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم نے ظلم و جبر کی آگ بھڑکا رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائد محمد نواز شریف نے ہمیشہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے معاملے پر دوٹوک مؤقف اختیار کیا۔ وزیراعلیٰ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا، جبکہ پاکستانی عوام حقِ خودارادیت کی جدوجہد میں کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور رہیں گے۔