لاہور: پولیس کی زیرِ حراست دو خواتین ہلاک، واقعے کی انکوائری شروع
08-04-2026
(لاہور نیوز) تھانہ ٹاؤن شپ پولیس کی تحویل میں موجود دو خواتین ملزمان دورانِ منتقلی طبیعت بگڑنے پر ہلاک ہو گئیں، پولیس نے واقعے کی شفاف اور غیرجانبدارانہ انکوائری شروع کر دی ہے۔
پولیس کے مطابق انمول اور آمنہ نامی دونوں خواتین کو مبینہ چوری اور فراڈ کے الزام میں شہریوں نے پکڑ کر پولیس کے حوالے کیا تھا، جس کے بعد مقدمہ درج کرکے انہیں انویسٹی گیشن ونگ کے سپرد کر دیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں خواتین کو مزید کارروائی کے لیے ویمن پولیس سٹیشن منتقل کیا جا رہا تھا کہ راستے میں ان کی طبیعت اچانک خراب ہو گئی، انہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکیں۔ پولیس کے مطابق دونوں خواتین ریکارڈ یافتہ تھیں اور بظاہر منشیات استعمال کرنے کی عادی بھی تھیں، تاہم ان کی موت کی اصل وجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد ہی سامنے آئے گی۔ پولیس نے بتایا کہ لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دی گئی ہیں جبکہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا شفاف، غیرجانبدارانہ اور میرٹ پر جائزہ لینے کے لیے انکوائری جاری ہے۔