دریائے چناب میں بگلیہار ڈیم سے دوبارہ پانی کا اخراج، ہیڈ مرالہ پر سیلابی صورتحال کا خدشہ

08-04-2026

(لاہور نیوز) بھارت کی جانب سے دریائے چناب پر قائم بگلیہار ڈیم سے تین روز کے وقفے کے بعد ایک بار پھر پانی چھوڑ دیا گیا، جس کے بعد ہیڈ مرالہ پر پانی کے بہاؤ میں اضافے اور سیلابی صورتحال کا خدشہ پیدا ہو گیا۔

ذرائع کے مطابق تین روز قبل ڈیم کے دو سپل ویز کھولے گئے تھے، تاہم پیر کی سہ پہر تین سپل ویز کے ذریعے اضافی پانی کا اخراج کیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ دریائے چناب کے بالائی طاس میں موسلا دھار بارشوں کے باعث ڈیم میں پانی کی سطح بڑھنے پر اضافی پانی چھوڑا گیا۔ بگلیہار ڈیم سے پانی کے اخراج کے بعد خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ سلار ڈیم کے ذریعے بھی مزید پانی ہیڈ مرالہ کی جانب چھوڑا جا سکتا ہے، جس سے دریائے چناب میں بہاؤ مزید بڑھنے کا امکان ہے۔ دوسری جانب فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ہیڈ مرالہ کے مقام پر نچلے سے درمیانے درجے کے سیلاب کا الرٹ جاری کر رکھا ہے، حکام کے مطابق ہیڈ مرالہ پر اس وقت پانی کی آمد 93 ہزار کیوسک جبکہ اخراج 76 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔