پی ٹی اے کا بڑا کریک ڈاؤن، 7 ماہ میں 18 لاکھ سے زائد سمز بلاک

08-04-2026

(حریم جدون) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے غیرقانونی سمز کے استعمال اور غیرملکی سمز کی فروخت کے خلاف کارروائیاں تیز کرتے ہوئے رواں سال کے پہلے 7 ماہ میں 18 لاکھ 38 ہزار 689 سمز بلاک کر دیں۔

پی ٹی اے کے مطابق جنوری سے اب تک 6 لاکھ 91 ہزار 102 غیرقانونی سمز بند کی گئیں، جبکہ فوت شدگان کے شناختی کارڈز پر رجسٹرڈ 9 لاکھ 3 ہزار 230 سمز بھی بلاک کر دی گئیں۔ ادارے کا کہنا ہے کہ بارہا وارننگ کے باوجود فوت شدگان کے شناختی کارڈز پر رجسٹرڈ سمز کے استعمال پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔ اس کے علاوہ منسوخ اور ایکسپائرڈ شناختی کارڈز پر رجسٹرڈ 2 لاکھ 44 ہزار 357 سمز بھی بند کر دی گئیں۔ پی ٹی اے نے غیرملکی سمز کی غیرقانونی فروخت کے خلاف بھی کریک ڈاؤن جاری رکھتے ہوئے 25 چھاپوں کے دوران 8 ہزار 51 غیرملکی سمز برآمد کیں، جبکہ 37 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ غیرقانونی سمز کے استعمال کی روک تھام اور ٹیلی کام نظام کو محفوظ بنانے کیلئے کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔