چہلم و عرس کے ٹریفک انتظامات کا جائزہ،سی ٹی او کا مختلف مقامات کا دورہ

08-04-2026

(لاہور نیوز)چیف ٹریفک آفیسر لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے چہلم اور عرس کے سلسلے میں کیے گئے ٹریفک انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے مختلف مقامات کا دورہ کیا،اس موقع پر ڈی ایس پی راشد حیات، ڈی ایس پی یاسین بھٹی اور ڈی ایس پی مبین نے انہیں ٹریفک پلان اور انتظامات پر بریفنگ دی۔

سی ٹی او لاہور نے کہا کہ جلوس اور عرس میں شرکت کرنے والے زائرین اور شرکا کے لیے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی گاڑی یا بس کو مین شاہراہ پر کھڑا کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ سکیورٹی اور ٹریفک روانی کو برقرار رکھنے کے لیے کچہری چوک، بھاٹی چوک اور پیر مکی سے جانب داتا دربار جانے والے راستے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند رکھے گئے ہیں، جبکہ عرس و چہلم کے جلوس کے باعث 19 مقامات سے ٹریفک کو ڈائیورٹ کیا گیا ہے۔ ٹریفک ڈائیورشن کے اہم مقامات میں میلاد چوک، اکبری گیٹ، شاہ عالم چوک، موری گیٹ، ٹیکسالی چوک، آزادی فلائی اوور، کچہری چوک اور پیر مکی شامل ہیں۔ سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق زائرین اور عزاداروں کی آسانی کے لیے پارکنگ اسٹینڈز قائم کیے گئے ہیں۔ دودھ والی تمام گاڑیوں، ریڑھوں اور رکشوں کو آزادی فلائی اوور اور پیر مکی سے سبیلوں تک پہنچنے کی اجازت دی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ قصور، کاہنہ، برکی روڈ اور جی ٹی روڈ سے آنے والی گاڑیوں کو رنگ روڈ کے ذریعے آزادی فلائی اوور کی جانب بھیجا جا رہا ہے، جبکہ سکیورٹی خدشات کے پیش نظر بعض مخصوص روڈز کو عام ٹریفک کے لیے بند رکھا گیا ہے۔ سی ٹی او لاہور نے مزید بتایا کہ ایس ایس پی سٹی زون مقصود لون کی نگرانی میں 5 ڈی ایس پیز، 111 ٹریفک انسپکٹرز اور 900 وارڈنز تعینات کیے گئے ہیں۔ رانگ پارکنگ کے خاتمے کے لیے 15 فوک لفٹرز اور 4 بریک ڈاؤن گاڑیاں بھی تعینات کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شاہدرہ سے لوئر مال آنے والی ٹریفک کو آزادی چوک سے ریلوے اسٹیشن کی جانب بھیجا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو کم سے کم مشکلات کا سامنا کرنا پڑے۔