پاکستان سمیت 4 ممالک کے عمرہ زائرین کیلئے لازمی فوڈ واؤچر متعارف

08-04-2026

(ویب ڈیسک) سعودی عرب نے پاکستان سمیت 4 ممالک کے عمرہ زائرین کیلئے لازمی فوڈ واؤچر متعارف کرا دیئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی عرب نے یومیہ تقریباً 20 سعودی ریال مالیت کے لازمی نسک فوڈ واؤچر متعارف کرائے ہیں، یہ رقم براہِ راست مجموعی عمرہ ویزا فیس میں شامل کی جائے گی۔ نئی پالیسی کے بعد عمرہ پیکجز کی مجموعی لاگت میں اضافہ متوقع ہے، پاکستان سمیت مختلف ممالک کے ٹریول ایجنٹس اپنے پیکجز اور نرخوں پر نظرثانی کر رہے ہیں۔ دوسری جانب وزارت مذہبی امور  نے کہا ہے کہ 2027ء سے 2030ء تک حج رجسٹریشن کرانے والوں کی تعداد 3 لاکھ 81 ہزار سے تجاوز کر گئی، حج رجسٹریشن کے بعد اگلا مرحلہ جلد آنے والا ہے اس لئے حج 2027ء کے خواہشمند افراد 16 نومبر 2027ء تک کا کار آمد پاسپورٹ تیار رکھیں۔ ترجمان  نے حج کے حوالے سے سوشل میڈیا پر چلنے والے جعلی اشتہارات سے عوام الناس کو ہوشیار رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے اس طرح کے جعلی اشتہارات کو نظر انداز کریں اور ایسے عناصر کو رپورٹ کریں۔ وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ حج سے متعلقہ معلومات کے لئے صرف اور صرف وزارت مذہبی امور کی مستند ایپس استعمال کریں اور کسی قسم کے جھوٹے پراپیگنڈا پر یقین نہ کریں۔