چہلم حضرت امام حسینؑ اور عرس داتا گنج بخشؒ پر مثالی صفائی انتظامات
08-04-2026
(لاہور نیوز) ستھرا پنجاب ایجنسی اور لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (ایل ڈبلیو ایم سی) نے چہلم حضرت امام حسینؑ اور عرس حضرت داتا گنج بخشؒ کے موقع پر شہر بھر میں خصوصی صفائی آپریشن شروع کر دیا۔
سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی شہریار عارف خان کے مطابق زائرین اور شہریوں کو بہترین صفائی سہولیات کی فراہمی کیلئے 700 سے زائد صفائی ورکرز مختلف مقامات پر فرائض انجام دے رہے ہیں۔ سی ای او نے بتایا کہ امام بارگاہوں، مجالس اور جلوسوں کے تمام روٹس پر صفائی ٹیمیں مسلسل موجود ہیں، جبکہ والڈ سٹی میں چہلم کی مجالس کیلئے 370 صفائی ورکرز تین شفٹوں میں صفائی آپریشن انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مغل حویلی، نثار حویلی، کوتوالی چوک، سنہری مسجد، رنگ محل، پانی والا تالاب، ٹبی تھانہ، تحصیل بازار، اڈا حکیمہ، بھاٹی گیٹ اور کربلا گامے شاہ سمیت مختلف مقامات پر صفائی عملہ تعینات ہے، اسی طرح دہلی گیٹ، گلی سورج سنگھ، حویلی الف شاہ اور مسجد وزیر خان کے اطراف ویسٹ کلیئرنس کا خصوصی انتظام کیا گیا ہے۔ شہریار عارف خان کے مطابق خصوصی صفائی آپریشن کیلئے 26 رکشہ واشرز، مکینیکل واشرز، مکینیکل سویپرز اور واٹر باؤزر بھی فیلڈ میں کام کر رہے ہیں، جبکہ مینوئل سویپنگ، پانی کے چھڑکاؤ اور مکینیکل واشنگ کا عمل مسلسل جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ داتا دربار سے ملحقہ گلیوں، بازاروں اور چہلم کے جلوسوں کے راستوں پر چونے کا چھڑکاؤ بھی کیا جا رہا ہے تاکہ صفائی اور حفظانِ صحت کے بہترین انتظامات یقینی بنائے جا سکیں۔ سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی نے بتایا کہ ستھرا پنجاب اتھارٹی کا ہیڈ کوارٹر کنٹرول روم صفائی سے متعلق شکایات کے فوری ازالے کیلئے مکمل طور پر فعال ہے، جبکہ عرس اور چہلم کے اختتام تک خصوصی صفائی آپریشن بلا تعطل جاری رہے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ زائرین اور شہریوں کو صاف، محفوظ اور بہترین ماحول کی فراہمی کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔