سیوریج نظام کی پلاننگ سیٹلائٹ امیجنگ سے کرنے کا فیصلہ

08-04-2026

(لاہور نیوز) پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں سیوریج نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے سیٹلائٹ امیجنگ اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کا فیصلہ کر لیا۔

سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل عمر فاروق اور ڈپٹی پراجیکٹ ڈائریکٹر قیصر رضا نے منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ منصوبے کے تحت مخصوص ڈرونز اور جی آئی ایس (GIS) ماہرین کی مدد سے صوبے کے شہروں کا جدید سیوریج ماسٹر پلان تیار کیا جائے گا، منصوبے کا آغاز پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر گوجرانوالہ سے کیا جائے گا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ اس جدید نظام سے ممکنہ سیلابی صورتحال، واٹر مینجمنٹ اور سیوریج نظام سے متعلق بروقت اور مؤثر فیصلہ سازی میں مدد ملے گی، جبکہ شہری علاقوں میں نکاسی آب کے مسائل کی بہتر منصوبہ بندی بھی ممکن ہو گی۔ سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل نے ہدایت کی کہ پنجاب واسا میں خصوصی جی آئی ایس سیل قائم کیا جائے تاکہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے منصوبے کی نگرانی اور عملدرآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پائلٹ پراجیکٹ کے نتائج کی روشنی میں اس منصوبے کو مرحلہ وار دیگر اضلاع تک بھی توسیع دی جائے گی، صوبہ بھر کی ڈرینز اور آبی گزرگاہوں کی مانیٹرنگ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے یقینی بنائی جائے تاکہ ممکنہ اربن فلڈنگ جیسے مسائل کا سائنسی بنیادوں پر مؤثر حل نکالا جا سکے۔ نورالامین مینگل نے کہا کہ سیوریج ماسٹر پلاننگ وقت کی اہم ضرورت ہے اور وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھایا جا رہا ہے۔