دہشتگردی اورجرائم کیخلاف جنگ میں پنجاب پولیس کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں: مریم نواز
08-04-2026
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے یومِ شہدائے پولیس کے موقع پر ملک و قوم کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی، انتہاپسندی اور جرائم کے خلاف جنگ میں پنجاب پولیس کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔
اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ نے پولیس شہداء کے اہلِ خانہ کے صبر و حوصلے کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب پولیس کے ہر افسر اور جوان نے قیامِ امن کے لیے غیر متزلزل عزم کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ اور امن و امان کے قیام میں پنجاب پولیس کلیدی کردار ادا کر رہی ہے اور قوم کے محفوظ مستقبل کی راہ ہموار کرنے والے اس ہراول دستے کو سلام پیش کرتی ہوں۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب حکومت پولیس شہداء کے ورثاء کی فلاح و بہبود اور دیکھ بھال کی ذمہ داریاں بطریقِ احسن نبھا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس شہداء کے بچوں کی معیاری تعلیم، صحت، رہائش اور دیگر تمام سہولتوں کی فراہمی حکومت پنجاب کی ذمہ داری ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سیف سٹی پراجیکٹ اور پولیس شہداء کی قربانیوں کی بدولت لاہور دنیا کے محفوظ شہروں میں شامل ہو چکا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب پولیس کی کاوشوں کے باعث نمبیو (Numbeo) کرائم اینڈ سیفٹی انڈیکس میں لاہور نے کئی ترقی یافتہ شہروں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس کو بہترین اسلحہ، جدید حفاظتی و مواصلاتی آلات، بلٹ پروف گاڑیاں اور دیگر ضروری وسائل فراہم کیے جا رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ کے مطابق پولیس شہداء کی قربانیوں کے نتیجے میں کچہ کا علاقہ نہ صرف محفوظ ہوا ہے بلکہ ترقی کی راہ پر بھی گامزن ہے۔