چہلم حضرت امام حسینؓ: پنجاب پولیس ہائی الرٹ، 42 ہزار اہلکار سکیورٹی پر تعینات

08-04-2026

(لاہور نیوز) چہلم حضرت امام حسینؓ کے موقع پر پنجاب بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے،انسپکٹر جنرل پنجاب عبدالکریم نے کہا ہے کہ عزاداری جلوسوں اور مجالس کے لیے تمام سکیورٹی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

آئی جی پنجاب کے مطابق صوبے بھر میں 730 مجالس منعقد اور 420 عزاداری جلوس برآمد ہو رہے ہیں، جن کی حفاظت کے لیے 42 ہزار سے زائد پولیس افسران اور اہلکار فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ لاہور میں 44 مجالس اور 17 عزاداری جلوسوں کی سکیورٹی پر 10 ہزار سے زائد اہلکار تعینات ہیں۔ چیکنگ کے لیے 390 واک تھرو گیٹس اور 6 ہزار 427 میٹل ڈیٹیکٹرز استعمال کیے جا رہے ہیں، جبکہ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے کیمروں کے ذریعے جلوسوں اور مجالس کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایلیٹ فورس، ٹریفک پولیس اور رضاکار بھی سکیورٹی انتظامات میں معاونت کر رہے ہیں۔ لاہور کے پولیس سربراہ، علاقائی پولیس افسران اور ضلعی پولیس افسران کو مجالس اور عزاداری جلوسوں کے سکیورٹی انتظامات کی خود نگرانی کی ہدایت کی گئی ہے۔ انسپکٹر جنرل پنجاب نے کہا کہ حضرت داتا علی ہجویریؒ کے عرس کے موقع پر ملک بھر سے آنے والے زائرین کی سکیورٹی کے لیے بھی خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ خصوصی کنٹرول رومز سے چہلم کے جلوسوں، مجالس اور عرس کی تقریبات کی مسلسل نگرانی جاری ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ عزاداری جلوسوں کے راستوں پر واقع عمارتوں کی چھتوں پر سنائپرز تعینات کیے گئے ہیں، جبکہ خواتین عزاداروں کی تلاشی اور سکیورٹی کے لیے لیڈی پولیس اہلکار بھی ڈیوٹی پر موجود ہیں۔ انسپکٹر جنرل پنجاب نے امن کمیٹیوں، کمیونٹی رہنماؤں اور سول سوسائٹی سمیت تمام متعلقہ فریقین کو مؤثر رابطہ اور تعاون یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی ہے۔