آئی جی پنجاب عبدالکریم کا شہداء پولیس کو خراجِ عقیدت، تقریبات 5 اگست کو ہوں گی

08-04-2026

(لاہور نیوز) یومِ شہداء پولیس کے موقع پر انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس عبدالکریم نے پولیس شہداء کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک و قوم کی خاطر جامِ شہادت نوش کرنے والے پنجاب پولیس کے عظیم سپوت ہمیشہ قوم کے دلوں میں زندہ رہیں گے۔

اپنے خصوصی پیغام میں آئی جی پنجاب نے کہا کہ وہ وطنِ عزیز پر اپنے لختِ جگر قربان کرنے والی ماؤں کو بھی سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب پولیس کے 1,743 بہادر افسران و جوانوں نے دہشت گردی کے خاتمے، امن و امان کے قیام اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ عبدالکریم نے کہا کہ یومِ شہداء پولیس تجدیدِ عہد کا دن ہے، کیونکہ زندہ قومیں اپنے ہیروز کو کبھی فراموش نہیں کرتیں۔ ان کے مطابق پولیس شہداء نے اپنے آج کو وطنِ عزیز پر قربان کرکے قوم کے کل کو محفوظ بنایا، جبکہ شہداء کے اہلِ خانہ کی بہترین فلاح و بہبود اور دیکھ بھال ان کی اولین ترجیح ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق چہلم حضرت امام حسینؓ کی سکیورٹی ذمہ داریوں کے باعث یومِ شہداء پولیس کی تقریبات آج کے بجائے کل 5 اگست کو انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منعقد کی جائیں گی۔