سڑکوں کے منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کئے جائیں، ملک صہیب احمد بھرتھ

08-04-2026

(لاہور نیوز) صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ملتان۔وہاڑی اور لودھراں۔کہروڑ پکا روڈ منصوبوں پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں متعلقہ حکام  نے منصوبوں کی تعمیراتی سرگرمیوں، درپیش مسائل اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بریفنگ دی، اجلاس کے دوران صوبائی وزیر کو زیر التواء اراضی کے حصول، ڈرین کی تعمیر اور مختلف منصوبوں کی مجموعی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا، حکام  نے بتایا کہ منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے اراضی کے حصول اور باقی ماندہ تعمیراتی کاموں کی تکمیل کیلئے 920 ملین روپے درکار ہیں۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ لودھراں۔کہروڑ پکا، میلسی۔وہاڑی روڈ فیز ٹو کے پارٹ بی پر تعمیراتی سرگرمیاں تیزی سے جاری ہیں، پارٹ بی میں 3.34 کلومیٹر کارپٹ، سب بیس، بیس کورس، اے بی سی اور اسفالٹک وئیرنگ کورس مکمل کر لیا گیا ہے، جبکہ 14 میں سے تمام 14 کلورٹس بھی مکمل ہو چکے ہیں، اس کے علاوہ میڈین اور ڈرین کی تعمیر پر کام جاری ہے۔ حکام  نے مزید بتایا کہ فیز ٹو کے پارٹ سی میں 7 کلومیٹر کارپٹ، سب بیس، بیس کورس اور اے بی سی مکمل کر لی گئی ہے، جبکہ اسفالٹک وئیرنگ کورس کا 4 کلومیٹر حصہ مکمل ہو چکا ہے اور باقی کام تیزی سے جاری ہے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر ملک صہیب احمد بھرتھ نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ منصوبوں پر کام کی رفتار مزید تیز کرتے ہوئے انہیں مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے، انہوں  نے واضح کیا کہ تعمیراتی معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور ہر مرحلے پر اعلیٰ معیار کو یقینی بنایا جائے۔ صوبائی وزیر  نے ہدایت کی کہ اسفالٹک وئیرنگ کورس، شولڈرز اور روڈ فرنیچر کا باقی ماندہ کام جلد از جلد مکمل کیا جائے، جبکہ تمام تعمیراتی تہوں میں معیاری کمپیکشن اور ٹف پیورز کی مضبوط تنصیب کو یقینی بنایا جائے، انہوں  نے آبادی والے علاقوں میں ڈرین کی تعمیر کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے اور ٹف پیورز کی تنصیب کے دوران کراس سلوپس کو منظور شدہ معیاری ڈیزائن کے مطابق برقرار رکھنے کی بھی ہدایت کی۔ ملک صہیب احمد بھرتھ نے متعلقہ حکام کو تاکید کی کہ تمام رکاوٹیں فوری طور پر دور کر کے منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے تاکہ عوام کو بہتر سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔