پاک ایران تجارتی تعاون میں اہم پیشرفت، اعلیٰ سطح کا ایرانی وفد آج اسلام آباد پہنچے گا
08-03-2026
(لاہورنیوز) پاکستان اور ایران کے درمیان اقتصادی و تجارتی تعاون کو فروغ دینے کے لیے ایران کا 22 رکنی اعلیٰ سطح کا سرکاری وفد آج اسلام آباد پہنچے گا۔
پاکستان اور ایران کے درمیان دسویں مشترکہ تجارتی کمیٹی کا اجلاس کل اسلام آباد میں ہوگا، جس کی مشترکہ صدارت وزیر تجارت جام کمال اور ایرانی وزیر صنعت، کان و تجارت محمد اتابک کریں گے۔ اجلاس میں ایران چیمبر آف کامرس کا 16 رکنی کاروباری وفد بھی شریک ہوگا جبکہ پاک ایران آزاد تجارتی معاہدے (FTA) پر پیش رفت اور دوطرفہ تجارت بڑھانے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا۔ مشترکہ اجلاس میں تجارت، سرمایہ کاری، کسٹمز، بینکاری تعاون اور سرحدی تجارتی روابط کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا جائے گا، نجی شعبے کے درمیان کاروباری روابط کو مزید وسعت دینے کی تجاویز بھی زیر غور آئیں گی۔ اجلاس میں پاکستان اور ایران کے درمیان اقتصادی تعاون، سرمایہ کاری اور علاقائی رابطہ کاری کو مزید مضبوط بنانے کے لیے آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی غور کیا جائے گا۔